ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ماہ فروری میں 10,060مکانات کے حق پتراتقسیم کئے جائیں گے، میسورو میں منعقدہ محکمہ کے جائزہ اجلاس میں وزیر امکنہ وی سومنا کا اعلان

ماہ فروری میں 10,060مکانات کے حق پتراتقسیم کئے جائیں گے، میسورو میں منعقدہ محکمہ کے جائزہ اجلاس میں وزیر امکنہ وی سومنا کا اعلان

Wed, 26 Jan 2022 10:51:00    S.O. News Service

میسورو،26؍جنوری (ایس او نیوز؍پیرپاشاہ) بروز پیر ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ وی سومنا نے میسور کے ضلع پنچایت ہال میں محکمہ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ رکن پارلیمان پرتاب سمہا، اراکین اسمبلی تنویر سیٹھ، ایس اے رام داس، جی ٹی دیوے گوڈا، انیل چک مادو، ڈاکٹر یتیندراسدرامیا اورایچ پی منجوناتھ اور میسور ضلع کے اعلیٰ افسر اس موقع پر موجود تھے۔

تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد وزیر موصوف نے محکمہ ہاؤزنگ کے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ 10060افراد کے ناموں کی ایک فہرست تیار کریں، تاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری ہاؤزنگ اسکیم کے تحت ماہ فروری میں مکانات کے ٹائٹل ڈیڈس تقسیم کئے جاسکیں۔ مختلف ہاؤزنگ اسکیموں کا جائزہ لینے کے بعد وزیرنے محکمہ ہاؤزنگ کے سرکاری افسروں کو ہدایت دی کہ وہ 10060افراد کی فہرست فراہم کریں، تاکہ ماہ فروری میں ان تمام کو ٹائٹل ڈیڈس تقسیم کئے جاسکیں۔ عارضی طور پر 12اور 14 فروری مقرر کیا گیا ہے۔

سومنا نے افسروں کو ہدایت دی کہ ناموں کی فہرست تیار کرنے سے پہلے تمام تفصیلات حاصل کریں اور تحقیقات کے بعد ہی ناموں کی فہرست تیار کریں۔ فہرست تیار کرتے وقت شفافیت اورمستحقین کو ضروردھیان میں رکھیں۔ حکومت کی جانب سے تقسیم کئے جانے والے مکانات غلط افراد کے ہاتھوں میں نہ جائیں۔ اجلاس میں شرکت کرنے سے پہلے وزیرموصوف نے چامنڈی پہاڑ پہنچ کر چامنڈیشوری کی پوجا کی اور بعد میں ستور مٹھ پہنچ کر شری دیشی کیندرا سوامی جی سے ملاقات کی اور آشیر واد لیا۔

ستور مٹھ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی ریاستی حکومت ہر قیمت پر میکے داٹو پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنائے گی۔ مرکز اور ریاست میں ہماری ہی مستحکم حکومتیں ہیں، اس لئے میکے داٹو پراجیکٹ پر عمل کرنا کوئی مشکل نہیں ہے۔ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سومنا نے بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے۔ اس طرح کی افواہیں عام بات ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں اختلافات ہیں۔ ریاستی حکومت پر غریبوں کو مکانات دئے جانے کے تعلق سے کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ موجودہ ریاستی حکومت کانگریس کی سابقہ حکومت کی جانب سے کی گئی غلطیوں کا ازالہ کرنے کیلئے غریب افراد میں مکانات تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر کہا کہ سدرامیا کو اس سلسلے میں معلومات کی کمی ہے اور وہ ضروری حقائق معلوم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ موڈا کے چیر مین ایچ وی راجیو، میسور سٹی بی جے پی کے صدر ٹی ا یس شری واتسوا، سابق کارپوریٹر نندیش پریتم اور دوسرے قائدین اس موقع پر موجود تھے۔


Share: